نئی دہلی،7 جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)دہلی سکھ گرودوارا انتظامیہ کمیٹی(ڈی ایس جی ایم سی)نے سال 1984کے فسادات کے دوران ہلاک سکھوں کی یاد میں اور اس کے متاثرین کے تئیں ناانصافی کو یادکرانے کے مقصد سے دہلی میں ایک یادگار کا تعمیر کی ہے۔”وال آف ٹرتھ“نامی اس فریم ورک کی تعمیر پارلیمنٹ کے قریب گرودوارا رکاب گنج صاحب احاطے میں 2500اسکوائر میٹر کے علاقے میں کی گئی ہے اور اس کی تعمیر میں سوا دو کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔15جنوری کو اس یادگار کو عام عوام کے لئے کھول دیا جائے گا۔
دہلی سکھ گرودوارا انتظامیہ کمیٹی کے جنرل سکریٹری منجدر سنگھ سرسا نے کہا کہ ”وال آف ٹرتھ“ 2013میں اس وقت تنازعات میں گھر گیا تھا جب شد(دہلی)نواز کانگریس نے اس کی تعمیر کے مقام پر احتجاج کیا۔بہر حال اس کی تعمیر مکمل ہوئی اور 15جنوری کو اسے عام عوام کے لئے کھول دیا جائے گا۔سرسا نے کہاکہ فسادات میں مارے گئے لوگوں کی بیوائیں پروگرام کی قیادت کریں گی اور پروگرام میں پنجاب کے نائب وزیر اعلی سکھبیر سنگھ بادل شرکت کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ یادگاری دیوار پر فسادات کے دوران ہوئے قتل عام میں اپنی جان گنوا چکے ہزاروں سکھوں کا نام کندہ ہے۔فسادات کی تحقیقات کے لئے حکومت کی طرف سے قائم مختلف پینل کو بھی اس میں جگہ دی گئی ہے۔اس یادگار کی تعمیر کا کام 2014میں شروع ہوا تھا۔